لاہور ( نمائندہ جسارت) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے احتساب عدالت لاہور میں ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن اور حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب پر بات چیت ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول زرداری کا اہم پیغام پہنچایا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور ایاز صادق اور ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب بھی شریک ہوئیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم تھا تو شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے ہمارے اچھے تعلقات تھے، پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے شہبازشریف سے ملاقات کی، سینیٹ انتخابات میں کامیابی جمہوری قوتوں کی ہی ہوگی، ہم حکومت کو سرپرائز تو دے ہی چکے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ حکومت نے میری نااہلی کے لیے کوششیں کیں، ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے ،ہم نے پارلیمنٹ کو عزت دی اور اس کی بالا دستی کے لیے کام کیا۔آرڈیننس کے ذریعے جو ترمیم کررہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، ہارس ٹریڈنگ کی مذمت کرتے ہیں، پی ڈی ایم ایک حقیقت ہے۔پی ڈی ایم کا مشکور ہوں کہ مجھے سینیٹ کے لیے متفقہ امیدوار بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور اختر مینگل سے بھی ملاقات کریں گے، سیاست میں اونچ نیچ آتی ہے ہم نے ماضی بھول کر آگے بڑھنے کی بات کی ہے۔