اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری

387

کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے ہیں اور وہ اب کل اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق  اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کل کےاجلاس کیلیے جاری کیے گیے ہیں اور کسی دباؤ میں نہیں ، آئین و قانون کےتحت پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں۔

خیال  رہے ا سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھاکہ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لئے درخواست موصول ہوگئی ہے جس پر قانون کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔

گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی  کا کہنا تھا کہ میں شہید بے نظیر بھٹو کا سپاہی ہوں کوئی غیرقانونی قدم نہیں اٹھاؤں گا ۔

آغا سراج درانی  کاکہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ درخواست سیکرٹری کے پاس موصل ہوئی ہے  جبکہ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے قیدی ہوتے ہوئے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

واضح رہے اپوزیشن کے خلاف ہونے والی مبینہ انتقامی کاروائیوں کے خلاف قرارداد بھی جمع کروائی گئی ہے  اور سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس کے پارلیمانی لیڈرز نے حلیم عادل شیخ کیلیے پروڈکشن آرڈر کی درخواست دی تھی  جبکہ رہنماؤں نے پولیس رویئے کیخلاف قرار داد بھی جمع کرائی ہے۔

یاد رہے ترجمان حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ حلیم عادل کو سینٹرل جیل سے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا گیا تھا جبکہ ان کو ٹانگ میں راڈ لگی ہے ، ٹانگ اور جسم کے دیگر اعضاء پر چوٹیں آئی ہیں۔

پولیس کے مطابق جناح اسپتال آرتھوپیڈک کے سربراہ اے آر جمالی نے کل حلیم عادل شیخ کا معائنہ کیا تھا اور ہڈیوں پر زخم ہونے پرانہیں جناح اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد  اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو جناح اسپتال آرتھوپیڈک وارڈ منتقل کیا کردیا گیا ہے۔