پی ایس ایل اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کی روانی جزوی بحال

266

کراچی (سید وزیرعلی قادری)کراچی پولیس کی جانب سے پی ایس ایل کے دوران سیکورٹی وجوہات کی بناء پر بند کیے گئے روڈ جزوی طورپر بحال کردیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں ایس ایس پی ایسٹ کی جانب سے ایک بیان کے مطابق تمام عوام الناس کو آگاہ کیا گیاہے کہ عوام کی سہولت کے لیے دوران کرکٹ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے آس پاس ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے گئے ہیں۔گزشتہ PSL میچ کے دوران جو روڈ بند تھے عوام کی سہولت کے لیے اب میچ کے دوران پبلک روٹ کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تمام روڈ کھول دیے گئے ہیں۔اب صرف حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والا سر شاہ سلیمان روڈ کا ایک حصہ ٹریفک کے لیے بند رہیگا۔کار ساز سے سینٹرل جانے والی ٹریفک کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم فلائی اور کی ایک سائیڈ حسن اسکوائر کی طرف جانے والی روڈ بھی کھول دیا گیا ہے۔کارساز سے آغا خان اسپتال جانے والا روڈ پہلے بند تھا جسے عوام کی سہولت کے لیے اب کھول دیا گیاہے اسی طرح ملینیم مال سے لے کر نیو ٹائون راستہ پہلے بند تھا اب ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روزقبل سندھ ہائی کورٹ نے روڈکھولنے کا حکم جاری کیاتھا۔ جس پر اب علمدرآمد کیاگیاہے۔ تاہم تمام راستے کھولنے کے بجائے جزوی ٹریفک کی روانی بحال کی گئی ہے۔