پی ایس ایل 6: تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

781

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹ سے شکست دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ  میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، 151 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20 ویں اوور  کی پہلی بال پر 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور کرس لین نے کھیل کا آغاز کیا تاہم کرس لین فہیم اشرف کی گیند پر سالٹ کے ہاتھوں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے جیمس ونس کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 52 کے مجموعی اسکور پر جیمس ونس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد سلطانز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جبکہ محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیم کے اسکور کو 150 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، محمد رضوان 71 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے محمد وسیم نے 3، لوئس گریگوری نے 2 اور حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپننگ پر آئے فل سالٹ 13 رنز پر محمد عمر کی بال پر جیمس ونس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان آئے اور محض 5 رنز پر ہی چلتے بنے۔ ٹیم کے مجموعی 55 کے اسکور پر الیکس ہیلز 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں، آصف علی 9، افتخار احمد ایک جب کہ حسین طلعت 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد لوئس نے فہیم اشرف کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 117 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد لوئس اور ظفر گوہر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملطان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کیا۔