تفتان (اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ملکی تجارت کو فروغ دیا جائے گا اور آمد و رفت کو مزید آسان بنائیں گے‘داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو تفتان کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے پاک ایران سرحد پر باڑ کی تنصیب، تفتان میں تجارت کے فروغ اور آمد و رفت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زائرین کے لیے قائم کیمپ کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زائرین کے لیے سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد پر باڑ لگانے کا کام 40 فیصد مکمل ہوچکا ہے‘928 کلو میٹر بارڈر پر باڑ کا کام اسی سال دسمبر تک مکمل ہوجائے گا‘ ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحد پر مینجمنٹ کو جدید ترین بنا رہے ہیں‘ ملکی تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت کو مزید آسان بنائیں گے۔