ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی ضلع ٹھٹھہ کے صدر کی رہائشگاہ پر پولیس کی بھاری نفری کا چھاپا، والد اور گن مین گرفتار۔ رات گئے چھتو چند کے نزدیک پی ٹی آئی کے ضلعی صدر رئیس ارسلان بروہی کی رہائشگاہ پر کراچی پولیس اور ٹھٹھہ پولیس کی بھاری نفری نے چھاپا مارا، رئیس ارسلان بروہی خود موجود نہیں تھے، پولیس نے ان کے عمر رسیدہ والد رئیس ماما اللہ بخش بروہی اور ان کے پرائویٹ گن مین سلام بروہی کو گرفتار کرکے کراچی منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ ملیر میں دو روز قبل ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران فائرنگ اور دہشت گردی کیس میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ساتھ پولیس نے پی ٹی آئی ضلع ٹھٹھہ کے صدر رئیس ارسلان بروہی اور ان کے گن مین ملوث قرار دیے گئے تھے، پولیس کا مؤقف تھا کہ ملیر میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں حلیم عادل شیخ اور رئیس ارسلان بروہی اور ان کے گارڈ دہشت گردی کیس میں ملوث ہیں، اس لیے چھاپے مارے گئے ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی ضلع ٹھٹھہ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی اور انتقامی کارروائی ہے، پی ٹی آئی ایسی بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ضلع ٹھٹھہ کے رہنما کے روزگار کو بند کرنے کی کوشش کی گئی، جس میں ناکام ہوئے مگر ہم جان بوجھ کر پی ٹی آئی کے رہنمائوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما رئیس ارسلان بروہی کے والد ماما اللہ بخش بروہی اور سلام بروہی کو فوری آزاد کیا جائے اور گھر پر چھاپا مارنے والے پولیس اہلکاروں کو فوری برطرف کیا جائے۔