سینیٹ الیکشن، آصف زرداری، نواز شریف اور فضل الرحمن میں رابطے

179

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ انتخابات کے لیے جوڑ توڑکاعمل شروع ہو چکا ہے اس سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری نے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر نے نواز شریف سے یوسف رضا گیلانی کی بھرپور حمایت مانگ لی ہے جس پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے‘ نواز شریف نے آصف علی زرداری کے ذریعے یوسف رضا گیلانی کو جاتی عمرہ کی بھی دعوت دے دی ہے۔ یوسف رضا گیلانی جلد مریم نواز سے بھی ملاقات کریں گے۔ دریں اثنا سابق صدر آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں ر ہنماؤں نے خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں سے سینیٹ امیدواروں پر مشاورت کی اور لانگ مارچ کے طریقہ کار اور حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی انتخابی مہم کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے حق میں ہے اور اوپن بیلٹ کے حق میں ہیں لیکن حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ‘حکومت عجلت اور جلد بازی میں فیصلے کرنے کے بجائے اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر چلتی اور قانون سازی کی جاتی تو بہتر تھا لیکن حکومت نے اداروں کو آمنے سامنے کردیا ہے‘حکومت کو ڈر ہے کہ اس کے اپنے اراکین اسمبلی اپوزیشن کو ووٹ دے دیں گے کیونکہ وہ ان کی کارکردگی سے نالاں ہیں‘ موجودہ حکمرانوں نے ثابت کیا ہے کہ حکومت کرنا ان کے بس کی بات نہیں یہ خود جارہے ہیں ۔آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لانگ مارچ کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا جائے گا جبکہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔