ایران: دشتِ لوط نامی دنیا کا گرم ترین ریگستان

1504

ایران: دشتِ لوط نامی بے آب و گیاہ ریگستان ایران میں واقع ہے جسے دنیا کا پچیسواں بڑا صحرا بھی کہا جاتا ہے اور اطلاعات کے مطابق یہ دنیا کے گرم ترین مقامات میں سے ایک ہے اور یہاں 70 درجے سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

فارسی زبان میں لوط (لوت) کسی بے آب و گیاہ بیابان کو کہا جاتا ہے اور سائنسدانوں کے مطابق کروڑوں برس قبل یہ سمندری فرش تھا جو ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکات سے اوپرآگیا  جبکہ  دھیرے دھیرے اس کا پانی بخارات بن کر غائب ہوگیا اور اب وہاں نمک بھرا میدان ہی باقی رہا ہے۔

تحقیق دانوں  کا کہنا ہے کہ یہ 52 ہزار مربع کلو میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جہاں بحیرہ عرب اور دریائے اوقیانوس سے ہوا نہیں پہنچ پاتی، جس کی وجہ سے گرمیوں میں یہاں قدم رکھنا ایسا ہی ہے جیسا کہ جلتے ہوئے توے پر پیر رکھنا ہو ۔

خیال رہے ماہرین کے مطابق امریکی ڈیتھ ویلی، کیلیفورنیا کے بعض ویران علاقے، لیبیا میں العزیزیہ اور ایتھیوپیا کے ایک مقام کو دنیا کے گرم ترین مقام کا اعزاز حاصل ہوتا رہا ہے لیکن دشتِ لوت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کی تصدیق خود ناسا نے بھی کی ہے۔

تحقیق دانوں کے مطابق سال 2003 سے 2010 تک ناسا کے ایکوا سیٹلائٹ نے دنیا کے مختلف مقامات کا درجہ حرارت نوٹ کیا اور سال 2005 میں سیٹلائٹ نے یہاں کا درجہ حرارت لگ بھگ 70.7 درجے سینٹی گریڈ نوٹ کیا اور اسی طرح امیجنگ اسپیکٹروریڈیومیٹر نے یہ بھی بتایا کہ سات میں سے مسلسل پانچ برس تک یہ علاقہ دنیا کا گرم ترین خطہ بھی تھا۔

تحقیق دانوں کے مطابق  یہاں گندم بریان کا علاقہ سب سے گرم ہے کیونکہ 480 مربع کلومیٹر پر آتش فشانی عمل سے پیدا ہونے والے سیاہ پتھر سورج کی روشنی کو جذب کرلیتے ہیں اور تپ کر کوئلے کی طرح گرم ہوجاتے ہیں جبکہ فارسی میں گندم بریان کو پکا ہوا گندم کہا جاتا ہے اور کہتے ہیں کہ یہاں گندم بکھیرا جائے تو وہ چند روز میں پک جاتا ہے یا پھر انڈا آرام سے فرائی ہوسکتا ہے۔

لیکن گرم ترین مقام ہونے کے باوجود یہاں تمام ترسختیوں میں زندہ رہ جانے والے پودے بھی ہیں جن میں 10 فٹ بلند پیڑ بھی شامل ہیں جبکہ ناسا کے مطابق یہاں گرمیوں میں پتھر پر انڈہ پھینکا جائے تو وہ فورا پک جاتا ہے۔

دوسری جانب تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ سیٹیلائٹ کے ذریعے کرہ ارض پر سب سے ٹھنڈی جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے اور اس جگہ درجہ حرارت منفی 93.2 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں ہو گی اگر یہ بتایا جائے کہ یہ جگہ قطب جنوبی کے وسط میں واقع ہے۔

خیال رہے تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ نظام شمسی کا سب سے ٹھنڈا علاقہ تو کہیں دور دراز سیارچوں کے درمیان ہوگا جبکہ چاند پر منفی 238 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے سیٹیلایٹ کے ذریعے موصول ہونے والے ڈیٹا کے مطابق گرم ترین جگہ ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں صحرائے لوط ہے جہاں کا درجہ حرارت سنہ 2005 میں 70.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا۔