ڈسکہ: 5 پولنگ اسٹیشنز کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

491

سیالکوٹ: ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے دوران پانچ پولنگ اسٹیشنز کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگیے جس کے بعد علاقے اور ووٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسکہ حلقہ این اے 75 میں رنگیلا چوک کے قریب پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ جاری تھی کہ 4 ملزمان مین بازار میں فائرنگ کر کے فرار ہوگیے  جبکہ ووٹ ڈالنے کیلیے آئی خواتین خوفزدہ ہو کر پولنگ سٹیشن سے باہر بھاگ گئیں۔

میڈیا کے مطابق ڈسکہ میں نامعلوم افراد نے اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا اور دھڑلے سے فائرنگ کی اور فرار ہو گیے جبکہ ریسکیو اہلکار کا کہنا ہے کہ  نواحی گاؤں گوئندکے میں بھی پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگیے۔

دوسری جانب گورنمنٹ ہائی سکول نسبت روڈ کے پولنگ سٹیشن پر نامعلوم کارسواروں نے فائرنگ کی اور موقع سے نکل گئے جبکہ اسکول کی دیوار پر گولیاں لگنے کے نشانات موجود ہیں اور موقع سے گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔

خیال رہے مین بازار میں قائم پولنگ سٹیشن کے قریب 4 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ووٹرز میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ خواتین خوف کے باعث گھبرا کر پولنگ سٹیشن کے باہر سے چلی گئیں۔

پولیس کے مطابق ڈسکہ کلاں میں بھی رنگیلا چوک کے قریب پولنگ اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس اور بھگدڑ مچ گیا جبکہ نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہو گیے۔

واضح رہے ڈسکہ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ گریجوایٹ کالج کے سامنے بھی نامعلوم افراد نے پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی اور پولیس منہ دیکھتی رہی اور نامعلوم افراد بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیے جبکہ دونوں پارٹی کے حمایتیوں نے  بھی روایت برقرار رکھی اور ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور نعرے بازی کرتے رہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ سے قبل دو موٹر سائیکل سواروں نے جی ٹی روڈ پر کھلے عام ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث ماحول کشیدہ ہو گیا جبکہ مرنےوالے سیاسی جماعتوں کے کارکنان تھے اور زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

یاد رہے ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گیے ہیں، جہاں 2100 پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ 25 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا  اور ان پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کيساتھ رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا  ہے اور این اے 75 کی نشست پر ن لیگ کی سیدہ نوشین اور پی ٹی آئی کے علی اسجد کے درمیان مقابلہ ہے۔