افغان مذاکرات کیلئے روسی نمائندہ خصوصی پاکستان پہنچ گئے، آرمی چیف و وزیر خارجہ سے ملاقات

719

اسلام آباد: روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف افغان امن عمل سے متعلق بات چیت کے لئے ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی صدر کے نمائندہ برائے افغانستان ضمیرکابلو کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی نمائندہ خصوصی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاک روس تعلقات آنے والے دنوں میں مزید بہتر ہوں گے اس کے علاوہ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں پیش رفت پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن خطے کے مفاد میں ہے۔

ودوسری جانب زارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران  پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق سے ملاقاتوں کے دوران ضمیر کابلوف افغان امن عمل میں تازہ ترین پیشرفتوں پر تبادلہ خیال کرینگے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سفارت کار کابلوف کا دورہ افغان امن عمل کی حمایت میں پاکستان کے سفارتی رابطوں کا ایک حصہ ہے۔ بیان کے مطابق افغان امن عمل سے متعلق تبادلہ خیال کے علاوہ یہ دورہ پاک روس دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم پاکستان کے دفتر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور مذاکرات کے تحت سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔