کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اوپن بیلٹ کے لیے تیار ہیں، حکومت الیکشن کی تیاری کرے، سینیٹ الیکشن میں حکومت کے پاس اکثریت ہے تو چور دروازے نہ ڈھونڈے مقابلہ کرے، ضمنی انتخابات نے ثابت کردیا کہ عمران کے لیے کوئی جگہ نہیں، بڑھکیں مارنے والے ہار چکے، کٹھ پتلیوں کی اوقات یہی ہے کہ اگلے الیکشن میں ان کو تیسرا نمبر ملے اور ان کی ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ کراچی سے سانگھڑ، سانگھڑ سے لے کر پشین بلوچستان تک جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوئے ہیں، حکومت کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ2018ء میں تو دھاندلی ہوئی تھی، ان کی اصل اوقات یہی ہے کہ اگلے الیکشن میں ان کو تیسرا نمبر ملے اور ان کی ضمانت ضبط ہو جائے۔پی ڈی ایم نے وہ سیاسی کارڈ کھیلے ہیں کہ اب وہ ضمنی الیکشن کی وجہ سے بھی پریشان ہیں، سینیٹ انتخابات کی وجہ سے حکومت اتنی پریشان ہو چکی ہے کہ ہر ادارے کو متنازع بنا رہی ہے، ہم یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کرے۔اس موقع پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ملیر کے عوام نے ثابت کردیا کہ پیپلزپارٹی کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔ بڑھکیں مارنے والوں کو شکست فاش ہوئی ہے۔ ہم مخالفین کو شکست دیتے رہیںگے۔