قاہرہ(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمدابوالغیط سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے عرب لیگ کے ہیڈکوارٹرکادورہ کیا ، سیکرٹری جنرل احمدابوالغیط نے وزیرخارجہ کا خیرمقدم کیا ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اہم عالمی امور خصوصاً خطے کو درپیش چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان عرب لیگ کے رکن ممالک کوخصوصی اہمیت دیتاہے، لیگ کے تمام رکن ممالک کیساتھ پاکستان کے مضبوط سیاسی، تجارتی روابط ہیں۔دریں اثنا مصری قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور مصر نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، باہمی روابط کو فروغ دینے اور مشترکہ لائحہ عمل پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے،گزشتہ 10برس سے پاکستان اور مصر کے تعلقات جو تعطل کا شکار تھے، وہ ازسر نو بحال ہو چکے ہیں۔