لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت24فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج جواد الحسن کے رخصت کے باعث احتساب عدالت میں ڈیوٹی جج اکمل خان نے کیس کی سماعت کی۔ احتساب عدالت نے اس ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز ، سلیمان شہباز ، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا، عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا، جس پر نصرت شہباز نے لاہور ہائیکورٹ سے اشتہاری قرار دینے کے اقدام کے خلاف حکم امتناعی لے لیا ۔احتساب عدالت نے عدم پیشی پر رابعہ عمران ،سلیمان شہباز ،یوسف ہارون اور دیگر کو اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد کے معاملے پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔