کوئٹہ ،کوسٹ گارڈ کی کارروائی، کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد

122

کوئٹہ، لسبیلہ (نمائندگان جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی اور ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کی جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ وندر اور پسنی (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وندر ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر پنجگور ٹو کراچی ایک کوچ سے 43.80 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی کرسٹل، 37.65 کلو گرام چرس، 29.80 کلو گرام ہیروئن، 12.30 کلو گرام آئس اور 6.15 کلو گرام افیون برآمد کر کے 4 اسمگلرز کو حراست میں لے لیا گیا۔ جبکہ ایک اور کارروائی میں پسنی کے علاقے شادی کور سیاہی نالے میں پہاڑوں کے درمیان چھپائی گئی 280 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی گئی۔ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت 65.72725 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔