شاہ محمود کی مصری صدر سے ملاقات۔ دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

201

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی اورمصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقات کی‘ صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر خارجہ کو مصر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ ، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے مصری صدر کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے‘پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں5 اگست 2019ء کے یک طرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ تواتر سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر خارجہ نے مصری صدر کو افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار اور افغان قیام امن میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔