کراچی (اے پی پی)پی ایس ایل 2020 کے سیزن میں لیگ میچز کے اختتام پر ملتان سلطانز کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سب سے اوپر تھی لیکن کورونا وائرس کی عالمی وبا نے نہ صرف ایونٹ کو التوا کا شکار کیا بلکہ ملتان سلطانز کے لیے بھی اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ممکن نہ رہا۔نومبر میں کھیلے گئے پی ایس ایل 2020 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز کوکراچی کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن کے سبب انہیں دوسرا چانس ایلیمنٹر کی صورت میں ملا تاہم وہاں بھی لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔گزشتہ سال ملتان سلطانز نے اپنے ہوم گرائونڈ میں3 میچز کھیلے تاہم اس مرتبہ ایونٹ کے تمام میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ لہذا ملتان سلطانز کو اس مرتبہ اپنے ہوم گرائونڈ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا۔ چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی قیادت ٹیم کے نئے کپتان وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے سپرد کردی گئی ہے۔ محمد رضوان کو ابھی چند روز قبل ہی ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کی جگہ فرنچائز کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔محمد رضوان اپنے کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں، وہ طویل اور محدود دونوں طرز کی کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔