ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ایپکا ہیلتھ ونگ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سول اسپتال مکلی کی جانب سے محکمہ صحت کے کلریکل اسٹاف کی گم کی جانے والی سنیارٹی لسٹوں پر پروموشن نہ ملنے اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی پر کلرکوں کی جانب سے ڈی ایچ او ٹھٹھہ آفس اور سول سرجن آفس مکلی پر 2 گھنٹوں کی ٹوکن ہڑتال، احتجاجی مظاہرہ، دفاتر کی تالا بندی۔ ڈی ایچ او آفس اور سول سرجن آفس مکلی پر ایپکا ہیلتھ ونگ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سول اسپتال مکلی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور نعریبازی کی گئی۔ 16 ویں روز بھی دو گھنٹوں کی ٹوکن ہڑتال میں دفاتر کے کلریکل اسٹاف نے تالا بندی کی۔ اس موقع پر ایپکا ہیلتھ ونگ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سول اسپتال مکلی ٹھٹھہ کے رہنمائوں بابو ہدایت اللہ فاضلانی، عبدالکریم بھاند، حاجی اشرف خشک، حاجی ابراہیم سمیجو، حاجی اسد خشک، شاہنواز جواد خشک، اعجاز مغل، مقصود سرکی، انیل کمار، رب ڈنو چھٹو، فدا سومرو، لیاقت عباسی، بچل پنہور، عزیز پلیجو، معشوق پنہور، دوست علی، عمیر عمرانی، غلام حسین، اسلم سولنگی، گل حسن خاصخیلی، شہباز اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہڑتال کا 16واں دن ہے مگر حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کیے ہوئے ہے۔ کلریکل اسٹاف کی سنیارٹی لسٹیں 10 سال سے گم کی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پروموشن سے محروم رکھا گیا ہے۔ سول اسپتال مکلی کے ملازمین کی رہائشی کالونی میں 3 سال سے گیس کٹی ہوئی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، ظلم کی انتہا ہوگئی ہے، لکڑیوں پر کھانے پکائے جارہے ہیں۔ ملازمین کی تنخواہیں پوری لکڑیوں پر خرچ ہوجاتی ہیں تو غریب کھائیں گے کہاں سے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی سنیارٹی لسٹیں ظاہر کرکے پرموشن دیا جائے، رہاشی کالونی میں گیس بحال اور تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔