لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ملک پر کمیشن مافیا، ٹائوٹ، چینی چور، مسلط ہیں، ان سے چھٹکارے کے لیے عوام سڑکوں پر آ چکے ہیں، چوری کرپشن اور ڈاکا ڈھائی سال سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔ مریم اورنگ زیب کا کہناتھا کہ عوام ان کی کرپشن اور نااہلی کی سزا کاٹ رہے ہیں، شہزاد اکبر کا تحریک انصاف سے تعلق نہیں، ڈھائی سال قبل عمران خان کے ٹاؤٹ تھے، عمران نے کابینہ میں وزیر نہیں کمائو پوت رکھے ہیں، ہر چیز میں پیسہ کمایا، براڈ شیٹ کے اندر بھی کرپشن ہے، ڈیلی میل نے لندن ہائیکورٹ میں جو ہوا بتایا ہے، کمیشن خوروں کو جو عمران نے وائٹ کالر غنڈہ برادری اکٹھی کی ہے، کاوے موسوی بتاتے رہے کہ ان سے براڈ شیٹ کے معاملے پر کمیشن مانگا، ڈیوڈ روز نے شہزاد اکبر کی میٹنگ کرائی، ڈیوڈ روز نے احتساب کے خصوصی نمائندہ شہزاد اکبر کی اکتوبر2019ء میں ملاقات کرائی، عمران کے فرنٹ مین شہزاد اکبر اور شہزاد اکبر کے فرنٹ مین ڈیوڈ توز تھے، شہزاد اکبر نے عمران کے حکم پر کاوے موسوی سے ملاقات کی اور کمیشن کی بات کی، یہ کمیشن قومی خزانے سے مانگا گیا ہے، یہ نیب بمقابلہ براڈشیٹ کیس ہے، اس کیس میں بھی نیب نیازی گٹھ جوڑ سامنے آیا۔انہوںنے کہا کہ جنرل ملک کون ہے اس کا نام سامنے آنا چاہیے۔