پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کومشکل میں ڈال دیا

518

تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیئے۔

پی ٹی آئی کے فرید رحمان نے یوسف رضا گیلانی پر حقائق چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا نے توہین عدالت کیس میں سزایافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا، یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 کے معیار پر پورا نہیں اترتے، یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے حامل نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ  یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی 2 نشستوں پر امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی۔عبدالحفیظ شیخ، علی بخاری، فرید رحمان، یوسف گیلانی، طارق فضل چودھری، محمد یوسف اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست کے امیدوار ہیں۔

اسلام آباد سے خاتون کی ایک نشست پر فوزیہ ارشد، منیرہ جاوید، فرح اکبر،فرزانہ کوثر امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے 11 مارچ کو خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات کے انعقاد کے لیے پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا،کل 170 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو جاری تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا سے سب سے زیادہ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان کی تعداد 51 ہے، بلوچستان سے 41 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، سندھ سے 39 جبکہ پنجاب سے 29 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

اسلام آباد سے 2نشستوں پر10امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ جنرل نشستوں پر 87، ٹیکنوکریٹس و علماکی نشستوں پر33،خواتین کی نشستوں پر 40 اور غیرمسلموں کی نشستوں پر10 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے آزاد امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ سینیٹ کی خالی نشستوں پر پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔