کراچی پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی نکلا، گلگت کا نوجوان بے قصور قرار

115

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کا ایک اورمقابلہ جعلی نکلا،3جنوری کوسائٹ اے تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والا گلگت ہنزہ کا نوجوان ابتدائی انکوائری کے بعد تحقیقاتی رپورٹ میں بھی بے قصور قرار پایا۔ ایس ایس پی ملیرنے تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرلی۔ متوفی نوجوان کے رشتے داروں کا کہنا تھا کہ سلطان نذیر کوموٹر سائیکل چلانا نہیں آتی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر نے بھی اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں مقتول سلطان نذیر کو بے قصور قرار دیا ہے اورجعلی مقابلے میں ملوث 2پولیس اہلکاروں شبیر اور جہانگیرکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر کی جانب سے آئندہ چند روز میں تحقیقاتی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو جمع کرا دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق جعلی مقابلے میں ملوث دونوں پولیس اہلکار مفرور ہیں اور شبہ ہے کہ کسی دوسرے صوبے فرار ہو چکے ہیں ۔