نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب یتیم ہوگیا ہے، مریم نواز

769

وزیرآباد:پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہی نہیں بلکہ یتیم ہوگیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں وزیرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں پنجاب کی بات کی تو حکومت کو بہت برا لگا، کہتے ہیں کہ مریم پنجابی کارڈ کھیل رہی ہے، یہ کہانیاں ہمیں نہ سنائی جائیں،مریم پنجاب کی بیٹی کی پنجاب کی بات کیوں نہ کرے، مریم پاکستان کی بیٹی ہے۔ اسی طرح  سندھ، بلوچستان اور کے پی کے جاؤں گی تو وہاں کی بات کروں گی۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہی نہیں بلکہ یتیم ہوگیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی اور جماعت نے وزیرآباد کی خدمت نہیں کی، آج میں وزیر آباد کو نواز شریف اور شہباز شریف کا دور یاد کرانے آئی ہوں، جب پی ٹی آئی اور عمران خان کا نمائندہ ووٹ مانگنے آئے تو اس کو چائے پانی پلا کر پوچھنا کہ آپ بڑی مہربانی ایک کروڑ نوکریاں بھی ہمیں ملیں، چینی، روٹی، تیل اور دوائیاں بھی سستی ہوگئی ہیں اور آپ سارے نعرے آپ پورے کرچکے ہیں تو اب کیا نیا نعرہ لائے ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو ہم مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے ماننے والے ہم اپنے مخالف کی بھی عزت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کا امیدوار جب وہ ووٹ مانگے تو ان کو بجلی اور گیس کا بل دکھانا کہ یہ لو ووٹ، پیٹرول اورڈیزل کی قیمت کی پرچیاں دکھائیں کہ یہ لو ووٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کسان، دہاڑی دار، ریڑھی والا، مزدور، دکان دار، تاجر، کاروباری طبقہ اور ہر شعبے کے افراد مجبور ہیں، عوام کے پاس بجلی، گیس کے بل دینے، آٹا، چینی خریدنے اور دوائی لینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آج میڈیا، پولیس اور سرکاری ملازمین سب دربدر ہیں اور سارا پاکستان رو رہا ہے لیکن عوام سے بھی زیادہ مشکل سلیکٹر کو درپیش ہے کیونکہ مہنگائی ہوتی ہے تو عوام کہتے ہیں تمہیں 22 کروڑ عوام میں یہی ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کو کہتی ہوں کہ تم سے بہت بڑی غلطی ہوگئی ہے جاؤ تمہیں معاف کیا لیکن اب یہ غلطی نہیں کرنا، سلیکٹر کو جب کوئی برا کہتا ہے تو ہمیں بھی اچھا نہیں لگتا کیوں کہ ادارہ تو اپنا ہی ہے،ٹھیک ہے 22 کروڑ عوام کو مشکل میں ڈال دیا لیکن آئندہ ایسا کام نہیں کرو اور اپنی حدود میں کام کریں۔

مریم نوازنے کہا کہ میرے پیارے سلیکٹر جو ملک کے ساتھ ہونا تھا وہ ہوگیا لیکن اب اپنے کام پر توجہ دو، دوسروں کے کاموں میں مداخلت مت کرو،ملک رُل گیا ہے لیکن نوازشریف آئے گا اور سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔