سانگھڑ (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن سانگھڑ کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی دس وہیل چیئرز معذور افراد میں تقسیم کی تقریب کا انعقاد۔ پاکستان میں معذور افراد کا تناسب 15 فیصد ہوگیا ہے، عبدالرحیم ٹانوری۔ الخدمت کے ورکرز رات دن، آندھی طوفان میں انسانی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں، ظہیرالدین بابر جتوئی۔ سانگھڑ الخدمت فاؤنڈیشن کے توسط سے معذور افراد کے لیے تقسیم وہیل چیئرز پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر دس معذور افراد کو ڈیڑھ ڈلاکھ روپے مالیت کی وہیل چیئرز دی گئیں، جس سے معذور افراد کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی۔ اس موقع پر ادارہ بحالی معذور افراد کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالرحیم ٹانوری نے کہا کہ پاکستان بھر میں معذور افراد کا تناسب 15 فیصد ہوچکا ہے۔ اس سلسلے میں ہمارا ادارہ معذور افراد کی رجسٹریشن کررہا ہے۔ گزشتہ تین سال میں سانگھڑ میں تقریباً آٹھ سو معذور افراد رجسٹرڈ تھے جبکہ حالیہ دو ماہ میں مزید چھے سو افراد کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ حکومت سندھ اور وفاقی حکومت معذور افراد کے لیے ماہانہ دو ہزار روپے کا پیکیج دے رہی ہے، لہٰذا معذور افراد کی رجسٹریشن کرائی جائے تاکہ اسپیشل افراد کی مشکلات میں کمی واقعہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو معذور افراد کی ہر طرح کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے الخدمت فائونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ الخدمت دکھی انسانیت کے لیے امید کی کرن ہے۔ اس موقع پر ظہیرالدین جتوئی، رشید راجپوت اور راجہ راشد اصغر نے الخدمت فائونڈیشن کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے ورکرز رات دن آندھی طوفان میں بلا معاوضہ انسانی خدمت پر مامور ہوتے ہیں جبکہ خدمت فریضہ بغیر رنگ ونسل ادا کیا جاتا ہے، پروگرام میں صدر این پی سی غلام مصطفی ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ادارہ الخدمت فائونڈیشن بڑھ چڑھ کر انسانیت کی خدمت کرتے دکھائی دیتا ہے۔ عوام اور مخیر حضرات الخدمت کی حوصلہ افزائی کریں تو اس خدمت کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔