سکھر (نمائندہ جسارت) صفائی کا عملہ گندگی اٹھانے کے بجائے کچرہ جلانے گا، دھوئیں اور تعفن سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ، شہری حلقوں نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ و دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ مختلف علاقوں میں منتخب نمائندگان سمیت سکھر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران و صفائی عملے کی نااہلی کی وجہ سے شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز کے بعد شہر کی مصروف ترین سڑکوں سمیت رہائشی علاقوں کی گلیاں گندگی کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہی ہیں، صفائی عملے نے شہری و تجارتی مرکز سے گندگی کے ڈھیر اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے بجائے کچرہ کنڈی بنا کر آگ لگانا شروع کررکھا ہے، کچرے کو جلائے جانے کی وجہ سے اٹھنے والے دھوئیں اور تعفن کی وجہ سے شہر میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ حد سے زائد بڑھ گیا ہے۔ شہری حلقوں سمیت شہریوں و دکانداروں نے سکھر انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سکھر میونسپل اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر اور ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے نالیوں اور گٹروں کا گندا پانی جمع ہے، جو انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب صفائی کے عملے نے کچرہ ٹھکانے لگانے کی جگہ اسے جلانا شروع کردیا ہے۔ سکھر کے شہری حلقوں، تاجر برادری اور علاقہ مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر سکھر، میونسپل کمشنر و دیگر متعلقہ اداروں کے بالا حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پر زور مطالبہ کیا۔