لاہور: (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ا
حسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے باوجود جس طرح پاکستان کرکٹ ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز میں شکست دی وہ یقیناََ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی اس کارکردگی نے مداحوں کو خوش کردیا ہے، ایک برانڈ کی حیثیت سے کرکٹ فینز پاکستان کرکٹ اور اس سے جڑے ستاروں سیملک کے اندر اور باہر ایسی ہی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ اس سیریز میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے واضح ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ان کی کارکردگی میں تسلسل بھی واضح ہے، وہ پرامید ہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور یہ کارکردگی مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید فتوحات کی بنیاد بنے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک اور تمام کھلاڑیوں کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔احسان مانی نے کہا کہ وہ اس سیریز میں محمد رضوان، حسن علی اور نعمان علی کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں، جہاں محمد رضوان نے اپنی کارکردگی سے مداحوں کے دل جیتے ہیں تو وہیں حسن علی اور نعمان علی کی طویل طرز کی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی سیواضح ہوتا ہیکہ پاکستان کا نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر معیاری اور میرٹ کی ضمانت ہے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نیکہا کہ اس نئے ڈومیسٹک اسٹرکچرکی بدولت آئندہ چند سالوں میں پاکستان کو مزید باصلاحیت کرکٹرز ملیں گے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کی کاوشوں کو بھی سراہنا چاہتے ہیں کہ جن کی انتھک محنت کی بدولت ہم اس سیریز کو ایک محفوظ ماحول میں منعقد کروانے میں کامیاب ہوئے، اس دوران بہترین لاجسٹک، براڈکاسٹ اور میڈیا کوریج کا بھی اہتمام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتظامات سیکورٹی ایجنسیز، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے پر جنوبی افریقہ کے مشکور ہیں،امید ہے کہ وہ اپنے ساتھ خوشگوار یادیں واپس لے کر جارہے ہیں۔