کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی پی پی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کو مسترد کرتی ہے، جس حساب سے نااہل سلیکٹڈ حکومت مہنگائی بڑھا رہی ہے اس سے لوگوں کو بے روزگار اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی لوگوں کو کوئی ریلیف مل رہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت مہنگائی میں اضافہ کرتی ہے تو اس کا ذمے دار پچھلی حکومتوں کو ٹھہرایا جاتا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بڑے دعوے سے بولتے تھے کہ ہم 90 روز میں ملک کے تمام مسائل حل کر دیں گے مگر3سال حکومت کرنے کے باوجود مسائل وہیں کے وہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گردشی قرضہ 3 ارب قرضہ 35 کھرب تک جا پہنچا ہے۔