دوسرا ٹی ٹوئنٹی : جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دیدی

158

لاہور(سید وزیر علی قادری) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہراکر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے، قومی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 145 رنز کے تعاقب میں مہان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز جنیمن ملن اور ریزا ہینڈرکس نے کیا تاہم شاہین آفریدی نے صرف 4 کے مجموعی اسکور پر جنیمن ملن کوآؤٹ کر دیا تاہم ریزا ہینڈرکس نے 42 رنز کی اننگز کھیلی ‘ وہ عثمان قادر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چوتھے نمبر پر آنے والے پیٹ بجلون نے 42 رنز بنائے انہیں محمد نواز نے آؤٹ کیاجس کے بعد ڈیوڈ ملن نے ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور 25رنز بنائے ۔ مہمان ٹیم نے 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان ہینرچ کلاسین نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا تاہم کپتان ایک بار پھر رنز بنانے میں ناکام رہے اور صرف 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے، حیدر علی اور حسین طلعت بالترتیب صرف 10 اور 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔محمد رضوان نے ایک بار پھر شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم 51 رنز پر رضوان آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فہیم اشرف نے مزاحمت کی کوشش کی اور صرف 12 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بناسکی۔جنوبی افریقا کے کامیاب بولر ہریکٹوریس مین آف دی میچ رہے جنہوں نے 5 وکٹیں لیں۔واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 رنز سے شکست دی تھی تاہم دوسرے میچ میں مہمان ٹیم کی کامیابی کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ آج تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلاجائے گا۔