جمعہ بازارلگانے کی اجازت دینے پر ڈی سی سکھر کے شکرگزار ہیں

373

سکھر( نمائندہ جسارت) مختلف دینی اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور سے ملاقات کرکے محنت کش طبقے کے افراد کو جمعہ بازار لگانے کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے اجازت دینے پر ان سے اظہار تشکر کیا ہے۔ جامعہ فیض العلوم کے ناظم اعلیٰ اور فیضیہ چشتیہ فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ سید حامد محمود فیضی، جامعہ غوثیہ رضویہ کے ترجمان اور معروف سیاسی مذہبی و سماجی رہنما مشرف محمود قادری، میلاد مصطفی کمیٹی کے چیئرمین اور سماجی رہنما غیاث الدین قادری، جمعہ بازار ایسوسی ایشن کے صدر محمد وقاص میمن نے ڈی سی آفس سکھر میں ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور سے ملاقات کے دوران محنت کشوں کے جمعہ بازار لگانے کا معاملہ حل کرنے اور اجازت نامہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کووڈ 19کے باعث جمعہ بازار لگانے والے کئی ماہ سے پریشان تھے اور روزی روزگار کیلیے انہیں معاشی مشکلات کا سامنا تھا۔ ڈی سی سکھر رانا عدیل تصور نے مشروط اجازت نامہ دے کر اچھا اور احسن کام کیا ہے جس پر جمعہ بازار لگاکر روزگار کرنے والے ان کیلیے دعاگو ہیں ۔اس موقع پر مذہبی و سماجی رہنمائوں نے سکھر شہر میں درپیش دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی اور ڈی سی کی توجہ مختلف مسائل کی جانب مبذول کرائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش اور مزدور طبقے سمیت کم آمدنی والے افراد کو روزگار کی فراہمی کیلیے قانون کے مطابق سہولیات دینا حکومت اور انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمعہ بازار لگانے والے جمعہ بازار کی حد اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔