حکومت لڑکھڑائی ہوئی ہے، مارچ ضرور ہوگا، شاہد خاقان

67

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت لڑکھڑائی ہوئی ہے، میرا معاملہ اس حکومت سے نہیں اس نظام سے ہے جو ایسی حکومتیں لے کر آتا ہے۔ ایسی حکومتیں لانے کا جو کام کرتے رہے ہیں ان کو سوچنا پڑے گا، چوردروازے سے آنے والے چور دروازے سے ہی واپس جاتے ہیں، حکومت مخالف مارچ ضرور ہوگا، دھرنے کے بارے میں بھی پی ڈی ایم قیادت جلد فیصلہ کرے گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارچ کا فیصلہ اٹل ہے اس میں کوئی 2 رائے نہیں۔ ہم سب نے ماضی سے سبق حاصل کرلیا ہے، ہمیں نظام کو بدلنا پڑے گا، حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، موجودہ دور حکومت میں ملک پیچھے چلا گیا ہے ہم چپ نہیںرہ سکتے۔ احتجاج کرنا عوام کا حق ہے، عوام تکلیف میں ہیں اس لیے مارچ کر رہے ہیں، اس کا اثر بھی ہوگا اور نتیجہ بھی نکلے گا۔ موجودہ حکومت غیر نمائندہ ہے اس کو رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔