سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر شہر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں تبدیل، میونسپل کارپوریشن کے کچرے اٹھانے والے عملے نے پیٹرول بچانے کے لیے کچرے کو سکھر کے مختلف رہائشی علاقوں میں ڈالنا شروع کردیا ہے، جس کی وجہ سے سکھر کے رہائشی علاقے کچرہ کنڈی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ رہائشی علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کے عملے کی جانب سے پھینکے جانے والے کچرے کے باعث جگہ جگہ پڑے کوڑے نے شہریوں سمیت علاقہ مکینوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔ سکھر انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے دعوے محض دعوے ہی دکھائی دے رہے ہیں۔ گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے سکھر شہر کی خوبصورتی ماند پڑتی جارہی ہے۔ گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن پھیلنے کی وجہ سے مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں، افسوس متعلقہ ادارے متحرک ہونے کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ شہر کی ماڈل شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ کی بدستور موجودگی نے صفائی عملے کی کارکردگی اور حکام بالا کے دعوو¿ں کی قلعی کھول رکھی ہے۔ موجودہ گندگی کی صورتحال پر علاقہ مکینوں سمیت شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات سمیت لوکل گورنمنٹ کے افسران، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، میونسپل کمشنر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ سکھر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔