لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) عباسی کلہوڑہ تنظیم کی جانب سے ولید محلے میں منعقد کی گئی، 41ویں مفت آئی کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابقہ سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر علی عباسی، بیرسٹر کاظم علی عباسی، اویس علی عباسی، رافع علی عباسی، ڈاکٹر مجید شیخ، ڈاکٹر محمد حسن شیخ، رئیس آصف خان چانڈیو، میر عامر خان مگسی، کفایت علی میرانی، اختر عباسی، قربان کھوکر، عرس چانڈیو، سگھڑ ممتاز عباسی سمیت شہر کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر علی عباسی کا کہنا یا کہ میرے مرحوم بھائی حاجی منور علی عباسی کی کاوشوں سے فری آنکھوں کے کیمپ کا انعقاد 37 سال پہلے ہوا تھا جب عباسی کلہوڑہ تنظیم کی بنیاد رکھی گئی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج میرے بھائی ہم میں نہیں ہیں لیکن آج بھی ہم ان کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کا باعث ہے کہ یہ پروگرام کامیابی سے آج اختتام کو پہنچا۔ دو روزہ مفت آئی کیمپ میں دو ہزار مریض آئے جن میں سے چار سو مریضوں کی آنکھوں کے فیکو مشین کے ذریعے آپریشن ہوئے۔ ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا کہ مریضوں کو دوائیں، رہائش، کھانا بھی دیا گیا، میں خاص طور پر ڈاکٹر محمد خان شیخ، اے ڈی تنیو، ڈاکٹر دبیر عالم، ڈاکٹر فیاض عباسی اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کیمپ میں شرکت کرکے غریب اور بے پہنچ افراد کی خدمت کی۔ ڈاکٹر صفدر علی عباسی کا مزید کہنا تھا کہ اتنا بڑا بندوبست کرنے پر سٹی ایم پی اے معظم علی عباسی، کاظم علی عباسی، اویس علی عباسی اور العباس اسکاﺅٹ اور یوتھ عباسی سوشل ویلفیئر کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تقریب کے اختتام پر ایم پی اے معظم علی عباسی نے کیمپ میں شرکت کرنے والے ڈاکٹرز و دیگر کو یادگار شیلڈز دیں اور ان کا شکریہ ادا کیا۔