اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مدارس کے نئے بورڈ کا فیصلہ واپس لیا جائے ورنہ طلباء سڑکوں پر ہوں گے، علماء کی مشاورت سے حکومتی اقدام کیخلاف بڑا فیصلہ کریں گے، جے یوآئی مدارس کی چوکیدارہے، مدارس کا تحفظ وفاق المدارس نہیں کرسکتی تو جے یوآئی کرے گی۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مدارس کے نئے بورڈ منظور کرنیکا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔ علماء کا مطالبہ نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کی خواہش پوری کی گئی۔ ان بورڈوں کا بھی وہی حال ہوگا جو مشرف کے مدرسے بورڈ کا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران باہر کے غلام اور ایجنٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس ہماری تنظیم ہے۔وفاق کے زمہ داران مدارس کا تحفظ کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وفاق المدارس اگر مدارس کا تحفظ نہیں کرسکتی تو جمعیت علما اسلام مدارس کا تحفظ کرے گی۔ مدارس کے تحفظ کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ جے یوآئی مدارس کی چوکیدار ہے۔ وفاق المدارس العربیہ ہماری نمائندہ جماعت ہے اس کے علاوہ اور کوئی جماعت ہم تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام سے مشاورت کے بعد حکومت کے اس اقدام کے خلاف بڑا فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلے کو واپس لیں نہیں تو ملک بھر کے مدارس کے طلباء سڑکوں پر ہوں گے۔واضح رہے گزشتہ روز پاکستان میں دینی مدارس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث وفاقی وزارت تعلیم نے پانچ مدارس بورڈز اورایک انسٹیٹیوٹ کی منظوری دی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، نئے مدارس بورڈز کے قیام کے بعد پاکستان میں دینی مدارس کے نمائندہ بورڈز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔