لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کے ویڈیو سکینڈل کے بعد سب سے اہم سوال یہ کھڑا ہو گیاہے کہ جو لوگ خود بک جاتے ہیں ، وہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیسے کریں گے، جماعت اسلامی کا شروع دن سے موقف ہے کہ نوٹوں ، لوٹوں ، بوٹوں اور جھوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے،بارہا کہہ چکاہوں کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست میں کوئی فرق نہیں،پی ٹی آئی کے دور میں بھی اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کا وہی کلچر جاری ہے جو پی پی، نون لیگ کے دور میں ہوتا رہا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکیا،انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تینوں پارٹیوں کی سیاست میں فرق سمجھنا دانشمندی نہیں،اگر وزیراعظم یوٹرن لیتے ہیں تو پی ڈی ایم نے بھی استعفوں اور سینیٹ الیکشن سے متعلق اعلانات پر وہی کیاہے،پھر کہتا ہوں کہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار طبقہ صرف لوٹ اور جھوٹ کے زور پر قوم پر مسلط ہے ۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے ہاتھوں پاکستان کا ہر مرد اور عورت پریشان ہے، حکومت خواتین کو بلاسود قرضے دے اور نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے ۔ آنے والے دنوں میں بہاولپور ، ملتان ، فیصل آباد ، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے ۔