وڈیواسکینڈل کی تحقیقات تک اسد قیصر اسپیکر کا عہدہ چھوڑ دیں‘ پیپلزپارٹی

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات،سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وڈیو اسکینڈل کی تحقیقات تک اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر عہدہ چھوڑ دیں ، وزیراعظم عمران خان اگر ایماندار ہیں تو سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر سے موجودہ عہدے سے استعفا لیں۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ الیکشن 2018 ء میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت سے متعلق مبینہ وڈیو وائرل کرنے کا مقصد عدالت عظمیٰ پر دباؤ ڈالنا ہے،وڈیو کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور تحقیقات کے لیے پارلیمانی انکوائری کمیٹی بنائی جائے۔انہوں نے اسلام آباد میں سرکاری ملازمین پرکریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ معیشت مضبوط ہوچکی ہے تو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران فیصل کریم کنڈی نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی اپنے ارکان اسمبلی کو اب بھی رشوت دے رہی ہے ، وزیر اعظم ارکان کو 50 کروڑ رشوت دے رہے ہیں ، عدالت عظمیٰ نے ایکشن لیا ہے، الیکشن کمیشن بہت زیادہ تابعدار ہے وہ ایکشن نہیں لے گا۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے پرویز خٹک اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے استعفا لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وڈیو وائرل کرنے کا مقصد عدالت عظمیٰ پر دباؤ ڈالنا ہے، عمران خان خود کہہ چکے ہیں اس وڈیو کا ان کو3 سال سے پتا ہے،عمران خان نے کہا کہ یہ وڈیو میرے پاس 3 سال سے ہے، اس کے باوجود اس شخص کو وزیر بنایا گیا ہے، جب لا منسٹر سے استعفا لیا ہے تو اسی طرح پرویز خٹک اور اسد قیصر سے بھی استعفا لیں،ان دونوں پر بھی تحریک انصاف کے ایم پی اے نے الزام لگایا ہے، پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک خود پرویز خٹک کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں سرکاری ملازمین پر کریک ڈاؤن کی مذمت کی اور کہا کہ ملازمین مدینے کی ریاست سے انصاف مانگنے آئے تھے ان پر تشدد کیا گیا نااہل شخص پاکستان کی معیشت سے کھیل رہا ہے معیشت مضبوط ہونے کے دعویدارتشدد کررہے ہیں۔غداری آرڈیننس کیخلاف عدالت سے جلد رجوع کریں گے۔