گلگت بلتستان میں بین الاقوامی کرکٹ کرانے کا ہدف مل گیا

276

اسلام آباد(جسارت نیوز)گلگت بلتستان میں بھی عالمی کرکٹ کا میلہ سجے گا۔گلگت بلتستان حکومت نے پی سی بی کو سالانہ 8 سے 10 بین الاقوامی میچز گی بی میں کروانے کا ہدف دیدیا۔پی سی بی حکام رواں سال اپریل میں گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور پسن نگر اور پسوا سٹیڈیمز کی ٹیکنکل فیزبیلٹی تیار کریں گے، پی سی بی کرکٹ گرائونڈز، پچز اور دیگر سہولیات کی تعمیر میں حکومت گلگت بلتستان کی معاونت کریگا۔بدھ کووزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین احسان مانی نے وزیراعلیٰ کیمپ آفس اسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات میں وزیراعلیٰ خالد خورشید نے گلگت بلتستان میں کھیلوں کے بڑے گرائونڈز بالخصوص کرکٹ اسٹیڈیمز کی عدم دستیابی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ انکی حکومت صوبے میں بین الاقوامی سطح کے کرکٹ میچز کے انعقاد اور کرکٹ سیاحت کے فروغ کیلیے اسٹیڈیمز اور گرائونڈز کی تعمیر میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔اور اس کیلییپاکستان کرکٹ بورڈ کا تعاون درکار ہے۔ وزیراعلیٰ خالد خورشید خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ایک سال کے اندر صوبے میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز تعمیر کریگی۔ پی سی بی صوبے میں کرکٹ کے بین الاقوامی میچز کرانے کی تیاری شروع کرے۔ ملاقات میں طے پایا ہے کہ پی سی بی حکام رواں سال اپریل میں گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور پسن نگر اور پسو اسٹیڈیمز کی ٹیکنکل فیزبیلٹی کریں گے۔ اسکے ساتھ حکومت اور پی سی بی مل کر صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی اسٹیڈیمز کی تعمیر کیلیے موزوں مقامات کا جائزہ لیں گے۔ اس کیساتھ پی سی بی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد سلسلے میں بین القوامی سطح کے میچز منعقد کرنے کیلئے کرکٹ گرائونڈز، پچز اور دیگر سہولیات کی تعمیر میں حکومت گلگت بلتستان کی معاونت کریگا۔ ملاقات میں ضلع گھانچھے میں زیر تعمیر کرکٹ اسٹیڈیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پی سی بی نے اتفاق کیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر کھیلوں کے انعقاد کیلئے گرائونڈز کی تعمیر کریگا۔ اور لوکل کرکٹ ٹینلنٹ ہنٹ کرنے کیلیے اقدامات اٹھائیگا۔ صوبے میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی تعمیر کے بعد پی سی بی بین الاقوامی میچز کا انعقاد یقینی بنائیگا۔ گلگت بلتستان میں سالانہ 8-10 بین الاقوامی سطح کے کرکٹ میچز کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس ضمن میں وزیر اعلی نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں بین الاقوامی سطح کے اسٹیڈیمز کی تعمیر کے لیے موزوں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں۔