ملازمین پر لاٹھی چارج وشیلنگ حکمرانوں کی درندگی ہے، سراج الحق

265

پشاور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری ملازمین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کر کے حکمرانوں نے ظلم اور درندگی کا مظاہرہ کیا جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ ملازمین کی تنخواہوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے ۔ گرفتار ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے ۔ پی ٹی آئی کے دور میں سرکاری ملازمین ، کسان ، مزدور ، اساتذہ ، سب سڑکوں پر ہیں ۔ مہنگائی اور غربت نے قوم کو لاچار کردیا ۔ تنخواہ دار طبقہ رل گیا ۔گزشتہ ڈھائی سال میں ایک دفعہ بھی ملازمین کی تنخواہ نہیں بڑھائی گئی جبکہ مہنگائی میں ڈھائی سو گنا تک اضافہ ہوا۔ وزیراعظم بتائیں لوگ اپنا گھر کیسے چلائیں ۔ کرپشن کے وڈیو اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں ۔ پارلیمنٹ میں گالم گلوچ ہوتی ہے ۔ احتساب کے نعرے لگانے والے قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ۔ خیبر پختونخوا کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا ۔ محکمے زوال کا شکار ہیں ۔ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے دعوے داروں نے لاکھو ں لوگوں کو بے روزگار کردیا ۔ 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرنے والوں نے صرف لنگر خانے تعمیر کرائے ۔ آدھی مدت اقتدار گزارنے کے بعد بھی پی ٹی آئی بے سمت ہے ۔ وزیراعظم کو بتانا چاہتاہوں ،یوٹرنز کے ذریعے ملکی معاملات نہیں چلتے ۔ جماعت اسلامی کرپشن فری اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں ڈونرز کانفرنس اورثمر باغ میں جے آئی یوتھ کے زیراہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے شرکا سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت ملازمین کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنے کے بجائے فسطائی ہتھکنڈے آزما رہی ہے۔ ملازمین لاوارث نہیں ہیں وہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔مہنگائی کی شرح میں اضافے کے مطابق ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ حکومت نے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے بجائے نہتے ملازمین پر پولیس کے ذریعے لاٹھی چار ج اور شیلنگ کرائی ۔ اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر کے حکمران اپنے خلاف مزید نفرت کے جذبات پیدا کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی و بے روزگاری کی وجہ سے لوگ فاقے کرنے پر مجبور ہیں ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ جاگیردار، سرمایہ دار اور مافیاز کی خوب ترقی ہو رہی ہے ۔ حکومتی ارکان ٹی وی پروگراموں میں معیشت کی بہتری کے دعوے کرتے اور خوب ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں ۔امیر جماعت نے کہاکہ حکومت کو اداروں کو بیچنے کی پالیسی ترک اور ملازمین کو ریلیف دینا ہوگا اگر حکمران یہ کام نہیں کر سکتے تو گھر چلے جائیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کنفیوژن کا شکار ہے ۔ انہیں اگر کنفیوژن نہیں ہے تو بس ایک معاملے پر کہ ورلڈبینک اور آئی ایم ایف کی تابعداری جاری رکھنی ہے اور اربوں ڈالر قرض لے کر قوم کو عالمی استعماری طاقتوں کی مکمل غلامی میں دیناہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں طالب علم ، مزدور ، کسان ، ڈاکٹرز ، اساتذہ سب پریشان ہیں مگر پی ٹی آئی کے وزیروں مشیروں کی فوج کو کچھ دکھائی نہیں دیتا اور ان کاکام صرف بڑھکیں مارناہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایک اسلامی معاشرہ زکوٰۃ اور خیرات کے اصولوں پر چلتاہے جس میں سودی معیشت کا کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں سرمایہ دار انہ معیشت نے پنجے گاڑے ہوئے ہیں جس کا نتیجہ مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کے علاوہ اور کچھ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب لاکر عوام کی محرومیاں دور اور انصاف کا بول بالا کرے گی ۔