نواب شاہ(رپورٹ : کاشف رضا)نواب شاہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان غلام مرتضیٰ بھنگوار، طہیر عالمانی، دوست علی خاصخیلیاور فضل مستوئی ودیگر نے نواب شاہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے کے بعد احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیراڈائز الائنس پرائیویٹ لمیٹڈ ایک جعلی کمپنی ہے جوکہ اولیکس اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر اپنے اشتہارات دیکر نوجوانوں کو تین فیصد منافع پر مختلف گاڑیاں دینے اور انویسٹمنٹ کی مد میں 11 فیصد منافع دینے کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے کا فراڈ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی جعلی کمپنی کی سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، مٹھی، سکھر سمیت پاکستان کے دیگر شہروں اسلام آباد، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، لاہور میں برانچیں بھی قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فراڈ ہونے کے بعد جب ہم نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی تو ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں نوجوان مرد و خواتین نے ان کے فراڈ سے تنگ آکر ہم سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے جعلی کمپنی کے خلاف نواب شاہ میں قائم آفس کے سامنے احتجاج کیا تو کمپنی کے برانچ منیجر عمیر مرزا، عباس آرائیں، ساحل بھٹی ودیگر آفس کو تالا لگا کر فرار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ جعلی کمپنی سیکورٹی اینڈ ایکسچینج اور نہ ہی کسی دیگر ادارے میں رجسٹرڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود سے ہونے والے فراڈ کی داد رسی کیلیے نواب شاہ کی پولیس کو شکایت کی لیکن کمپنی کے مالکان بااثر ہونے کے باعث پولیس نے ان کے خلاف کوئی بھی ایکشن نہیں لیا۔متاثر نوجوانوں نے عدالت عظمیٰ، آرمی چیف، چیئرمین نیب ودیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملک کے سیکڑوں نوجوانوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والی مذکورہ جعلی کمپنی اور اس کے مالکان کے خلاف کارروائی کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔