کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لاکر فرسودہ نظام کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں، ہمارا مقصد اقتدار کا حصول نہیں موجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہے، پارلیمان مفلوج ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ آرڈیننس کے ذریعے آئین کو تبدیل کیا جائے۔ منگل کو کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سفر جاری ہے، مریم نواز نے بھی حیدرآباد جلسے میں شرکت کے لیے آنا تھا لیکن وہ بیٹی کے حادثے کی وجہ سے نہیں آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کی پہلی تحریک ہے جسے اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہیں ہے، ہمیں اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کی ضرورت نہیں ہے۔ کل ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کہا ہے کہ فوج کی سیاست میں مداخلت نہیں ہے لیکن اس کا ثبوت بھی آنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ ماضی کی تحریکوں اور انتخابات کے حوالے سے بحث کے بجائے ایک ٹروتھ کمیشن بنا دیا جائے، سیاست میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے، غیر ملکی شہریوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ خفیہ ووٹنگ کا عمل پوری دنیا میں ہوتا ہے۔شو آف ہینڈ پرایک اصولی مؤقف ہے۔ دارالحکومت میں انصاف کا نظام مفلوج ہے۔ وکلا سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ وکلا کو جگہ فراہم کیے بغیر ان کی جگہ گرانا شروع کر دی گئی۔ ملک میں آج عدل کا نظام مفلوج ہے۔حکومت نہ ملک کے مسائل سمجھتی ہے اور نہ ہی کسی اور کے مسائل کو سمجھ رہی ہے۔عمران خان اپنے دو نمبر لوگوں کو بچانا چاہتے ہیں۔