سندھ ہائی کورٹ ‘ 4 لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش

245

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں 4 لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق اہم پیش رفت رپورٹ پیش کردی گئی۔ عدالت نے سول اسپتال سے کیا گیا بچہ بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ‘ عدالت کو بتایا گیاکہ لاپتا شہری سکندر، ساحل اور سرفراز گھر واپس آگئے ہیں جبکہ سی ٹی ڈی نے لاپتا شہری سلمان کی گرفتاری ظاہر کر دی‘عدالت نے لاپتا شہریوں کی بازیابی پر درخواستیں نمٹا دیں۔ سول اسپتال سے نومولود بچے کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت نے سیکرٹری صحت کو طلب کرلیا۔ جسٹس نعمت اللہ کاکہنا تھا کہ عدالت نے ایک سال پہلے حکمنامہ جاری کیا تھا‘ عملدرآمد کیوں نہیں ہوا‘ سندھ حکومت لاپتا بچے کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔ عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ عدالت نے لاپتا اسد اقبال کی عدم بازیابی پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے2011ء میں لاپتا بچی مریم کی بازیابی کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔