فوجی بیان پرعمل درآمدسب کے لیے بہتر ہے‘ احسن اقبال

108

لاہور ( نمائندہ جسارت)ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے سیاست میں نہ گھسیٹنے کے بیان پر کہا ہے کہ یہی پاکستان کی ہر جمہوری جماعت کا مؤقف ہے کہ فوج کا سیاست میں کسی قسم کا کوئی عمل دخل نہیں ہوناچاہیے ، اگر اس بیان پر عمل کیا جائے گا تو یہ پاکستان، فوج اور سب کے لیے بہت بہتر ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 2 تہائی اکثریت نہ ہونے پر آرڈیننس کا اجرا جہالت کی انتہا ہے، یہ عدالت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران نیازی اپنے دوستوں کو سینیٹ میں لانا چاہتے ہیں، عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ پاکستان کا آئین فرینڈز آف عمران خان کی خاطر تبدیل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ماضی بہت تلخ ہے، ماضی میں جو مارشل لا لگے وہ فوج نے ہی لگائے تھے، 2002 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ق) بنائی گئی جس کے بارے میں مرحوم جنرل احتشام ضمیر نے کہا تھا کہ ہم نے بنائی اور ان انتخابات میں پیٹریاٹ گروپ انہوں نے بنایا۔سینیٹ انتخابات سے متعلق آرڈیننس پر حکومت لوگوں کو دھوکا دے رہی ہے ۔