کشمیر ڈے ہاکی میچ یوتھ کلب نے حنیف خان الیون کو ہرادیا

405
کشمیر ڈے نمائشی ہاکی میچ میں یوتھ ہاکی کلب کے کپتان شاہ زیب خان کو مہمان خصوصی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی وننگ ٹرافی دے رہے ہیں، ان کے ساتھ سیکریٹری اسپورٹس سندھ سید امتیاز علی شاہ، صوبائی وزیر ویمن ڈیولمپنٹ سیدہ شہلا رضا، عروبہ راشد ربانی بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کیلیے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کشمیر ڈے نمائشی ہاکی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں کے ایچ اے میں آکر بچوں کو کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لگا، مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے ، کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور محکمہ کھیل حکومت سندھ کی معاونت سے اچھا کام کررہی ہے، خصوصی طور پر سیکریٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ جن سے آج میری ملاقات ہوئی ان کے کام کی تعریف نہ کرنا غلط بات ہوگی۔اس موقع پرصوبائی وزیر منسٹر فارویمن سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ کشمیر کے شہداء اور مجاہدین کو سلام پیش کرتی ہو ں ، کے ایچ اے نے آج اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جو یہ ہاکی میچز کا انعقاد کیا ہے ،وہ قابل تعریف ہے،چار سال کی محنت کے بعد شہر کراچی کی رونق بحال ہوئی ہے، بچے اور بچیاں اسپورٹس سرگرمیوں میں متحرک نظرآرہی ہیں، گرائونڈز آباد ہیں،اب ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر مقابلے ہورہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اسپیشل اسسٹنٹ وزیراعلی سندھ عروبہ راشد ربانی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت اہمیت کا حامل ہے، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا، ان کے مستقبل کے لئے بہت اچھا ہے، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ آفیئر حکومت سندھ سید امتیاز علی شاہ نے کہا کہ محکمہ کھیل سندھ صوبے اور کراچی میں کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں جونیئر بچوں پر مشتمل کے ایچ اے انڈر9 بلیوزنے کے ایچ اے انڈر9 اورنج کی ٹیم کو ایک، صفر سے مات دی۔ دوسرے میچ میں کے ایچ اے انڈر12 اورنج نے کے ایچ اے بلیوز کی ٹیم کو ایک،صفر شکست دیدی۔تیسرے میچ مشیرربانی الیون اور راشد ربانی الیون کے مابین کھیلا گیا۔جو دلچسپ مقابلہ کے بعد ڈرا ہوگیا۔ چوتھے میچ میں یوتھ ہاکی کلب نے حنیف خان الیون کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔