لوئر دیر: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں مدارس کے خلاف مسلسل سازشیں کی جارہی ہیں، مدارس کو دہشت گردی کے اڈے ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے لیکن اسلام دشمن عناصر کبھی بھی اپنی ان مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے اور جماعت اسلامی ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق تفہیم القرآن تیمرگرہ کیمپ میں تقریب دستار بندی کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی سنیٹر سراج الحق،تحفظ ختم نبوت تحریک پاکستان کے مرکزی امیر مفتی امتیاز مروت، جماعت اسلامی لوئر دیر کے ضلعی امیراعزاززا لملک افکاری،مولانہ اسداللہ،حاجی سعید گل،شادنواز خان، ریاض محمد ایڈوکیٹ،عمران الدین ایڈوکیٹ،مولانا امین سید، حسین احمد صادق،مفتی خالد،مولانا ہدایت اللہ مولانا نوراحمدین سمیت علماء،عمائدین علاقہ اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں مدارس کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں اور مدارس کو دہشت گردی کے اڈے ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے لیکن اسلام دشمن عناصر کبھی بھی اپنی ان مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے اور جماعت اسلامی ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مدینہ کے ریاست کے دعویداروں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ہر طرف مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام فاقوں اور خودکشیوں پر مجبورہیں انہوں نے کہا کہ سوشلزم اورکمیونزم کا فلسفہ ناکام ہوچکا ہے اور ان مسائل کا حل صرف قرآن اور اسلامی نظام میں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں سوا سات کروڑ عوام غربت کا شکار ہے، 85 فیصد عوام گندہ پانی پینے پر مجبور جبکہ 33 فیصد عوام ڈپریشن کا شکار ہیں جبکہ ہمارے حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں اور انہیں عوام کی دکھ درد کا کوئی احساس نہیں۔