بلدیہ سکھر کی املاک کے اضافی کرایے غیرقانونی ہیں، راشد خلجی

72

سکھر (نمائندہ جسارت) ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوامی حقوق کی بات ہے، جہاں پر بھی عوامی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے، وہاں پر ہم نے پہنچ کر اپنا مؤقف واضح کیا ہے، سکھر بلدیہ کی جانب سے دکانوں، مکانوں اور دیگر املاک کے بڑھائے گئے کرایے غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں، ہم سکھر کے تاجروں کی آواز بھرپور طریقے سے اٹھاکر انہیں اپنے حقوق دلائیں گے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین ایم پی اے راشد خلجی، ایم پی اے راشد قریشی، سلیم رضا، نعیم قریشی، شمیم احمد اور دیگر نے سکھر کی تاجر برادری اور سابق ایم پی اے دیوان چند چائولہ، ممتاز لکی، جنید احمد، عثمان بھائی اور دیگر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ سکھر کی جانب سے دکانوں کے کرایے چار سے پانچ ہزار گناہ بڑھا دیے ہیں، اتنے کرایے تو کراچی اور حیدرآباد میں بھی نہیں بڑھتے، یہ تاجروں کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنی قیادت کے حکم پر لبیک کہا اور عوام کے حق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ مسائل بڑھانے کے بجائے تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے تو بہتر ہوگا۔ بلدیہ افسران اور منتخب نمائندوں کو تاجروں کے مسائل حل کرنے چاہییں۔ بعد ازاں آنے والے وفد نے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ بھی کیا۔