لاڑکانہ، مفت طبی کیمپ سے آپریشن، مریضوں کی بینائی ختم ہونے لگی

155

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) قنبر شہدادکوٹ ضلع کے علاقے لالو رانک میں مفت آنکھوں کے کیمپ سے آپریشن کروانے کے بعد مرد و خواتین مریضوں کی بینائی ختم ہونے لگی، متاثرین کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا، مریضوں نے کیمپ منتظمین کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ 29 جنوری کو قنبر کے علاقہ لالو رانک میں لگائے گئے آنکھوں کا مفت طبی کیمپ رحمت کے بجائے زحمت بن گیا، لالو رانک میں لگائے گئے مفت آنکھوں کے طبی کمیپ سے علاج کروانے والے بیسیوں مریضوں کی حالت خراب ہوگئی جبکہ مذکورہ آنکھوں کے کیمپ سے علاج کروانے والے 20 مریض مرد و خواتین کو آنکھوں کی تکلیف بڑھنے پر چانڈکا اسپتال کے شعبہ امراض چشم میں داخل کروا دیا گیا، جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ مریضوں کا تعلق گاؤں جکھرا، میرن ماچھی، فتح الٰہی بخش و دیگر سے ہے۔ کیمپ میں مفت علاج اور ادویات لینے کے بعد مریضوں کی آنکھوں کی نظر درست ہونے کے بجائے مزید کم ہونے لگی۔ اس حوالے سے مریضوں کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد ہماری بینائی ختم ہونے لگی، جس کے بعد ہمیں ورثاء نے چانڈکا اسپتال شعبہ امراض وارڈ داخل کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لے کر کیمپ کے منتظمین کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب کیمپ میں شرکت کرنے والے ابرار اور سلیم کا کہنا تھا کہ مریضوں کا آپریشن بہتر طریقے سے کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے احتیاط نہ کرنے پر ان کی بینائی خراب ہوئی، عائد کیے گئے الزامات درست نہیں۔