راولپنڈی (رپورٹ : وزیر علی قادری) پاکستان نے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ بائولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کو دوسرے ٹیسٹ میں 95رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0سے کلین سوئپ کردیا۔ پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا جبکہ 2003ء کے بعد پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتی۔پاکستان کے 370رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 274رنز پر آئوٹ ہو گئی،مرکرم کی سنچری بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی،مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈن مرکرم 108،باووما61رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی نے 5 ، شاہین شاہ آفریدی نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔حسن علی کو 10وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ11فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔