کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی سینیٹ انتخابات میں میچ فکسنگ کی کوشش کررہی ہے،ایوان بالا کے انتخابات کو متنازع بنایا جارہا ہے ،سلیکٹڈ امیدواروں کے لیے پہلے جنرل الیکشن میں دھاندلی کرائی گئی اب سینیٹ الیکشن میں پھر ایسا کرنے کی کوشش ہورہی ہے، حالات جو بھی ہوں ہم سینیٹ الیکشن میں حصہ ضرور لیں گے ،خفیہ رائے شماری ہر شہری کا حق ہے من مانی ترامیم سے عدالت عظمیٰ اور پارلیمان کو متنازع کیاجارہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بلاول ہائوس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول زرداری نے کہا کہ خفیہ رائے شماری بنیادی حق ہے ،میرے ووٹ اور ارکان اسمبلی کے ووٹ پر حملہ کیاجارہاہے لیکن ہم حکومت کو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جامع انتخابی اصلاحات کرناچاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اپنے ارکان ان سے ناراض ہیں اسی لیے حکومت سینیٹ الیکشن سے خوفزدہ ہے اورپی ٹی آئی اپنے ارکان اسمبلی پر عدم اعتماد کا اظہار کررہی ہے۔پی پی چیئرمین نے حکومت سے سوال کیا کہ اگر ترامیم کرنا تھیں تو3 سال سے وہ کیوں خاموش تھی؟ انہوں نے خبردار کیا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے آئین میں اپنی مرضی کی ترامیم نہیں ہوسکتیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صدارتی آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کریںگے۔اگر خدانخواستہ یہ سازش کامیاب ہوگئی تو پارلیمنٹ پر بڑا حملہ ہوگا۔بلاول زرداری نے کہا کہ اگر یہی طرز عمل جاری رہا تو آئندہ عام انتخابات میں بھی کوئی نیا آرڈیننس آجائے گا۔ حکومت خطرناک راہ پر چل نکلی ہے اسے روکنا بہت ضروری ہے۔