علی سدپارہ سمیت لاپتا کوہ پیمائوں کا تیسرے روز بھی سراغ نہ مل سکا

499

اسکردو (آئی این پی) موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اور ان کے 2غیر ملکی ساتھیوں کا 3 روز گزر جانے کے باوجود کچھ پتا نہیں چل سکا تاہم ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز کے ٹو کی بالائی سطح بادلوں سے مکمل طور پر ڈھکی ہوئی تھی جس کی وجہ سے چوٹی پر حد نگاہ بہت کم تھی، اس کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے پیر کی صبح تقریباً 7000میٹر کی بلندی تک پرواز کی تاکہ لاپتا کوہ پیمائوں کا سراغ لگایا جا سکے۔دوسری جانب گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ تینوں کوہ پیمائوں کی زندگی کے امکان کم ہونے لگے ہیں، علی سد پارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ بھی اپنے آبائی علاقے لوٹ گئے ہیں اور وہیں سے علی سدپارہ سے متعلق کسی بھی اطلاع کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ محمد علی سدپارہ اور ان کے دو غیر ملکی کوہ پیما ساتھیوں جان اسنوری اور جوان پابلو موہر کا 5فروری کی شام بیس کیمپ اور اپنی ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔