لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں ایک روز قبل لاپتا ہونے والے دو بچوں کی لاشیں پانی کے تالاب سے برآمد، پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے، ورثاء نے قتل کا خدشہ ظاہر کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ لاشیں گھر پہنچنے پر علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ لاڑکانہ کے قریب باراتیوں کی بس کو حادثہ، موٹر سائیکل سواروں کی گدھا گاڑی سے ٹکر میں دو نوجوان جاں بحق، ایک زخمی۔ لاڑکانہ کے قریب نودیرو تھانے کی حدود لاڑکانہ سکھر روڈ پر جت بھٹہ کے مقام پر باراتیوں کی بس کے ہمراہ خوشی میں جھومتے موٹر سائیکل سواروں کی گدھا گاڑی سے ٹکر کے نتیجے میں دو نوجوان مقصود مہر اور عبدالخالق مہر موقع پر جاں بحق جبکہ سلیم مہر زخمی ہوئے۔ اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر لاشیں اور زخمی کو نودیرو اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ تحصیل باقرانی کے گاؤں محمد مراد سامٹیو میں 18 سالہ چرواہا آصف علی گاڈہی بجلی کی 11 ہزار تاروں کی زد میں آکر کرنٹ لگنے کے باعث بے ہوش ہوگیا، جسے ورثاء کی جانب سے بے ہوشی کی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں نوجوان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لاڑکانہ شہر کے جیل بازار میں گھر کی چھت پر پتنگ اڑانے کے دوران گر کر 8 سالہ بچہ محسن سولنگی شدید زخمی ہوا، جسے ورثاء کی جانب سے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔