لاڑکانہ، فائبرو اسکین مشین چانڈکا اسپتال انتظامیہ کو عطیہ

327

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال میں مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کرنے میں جامع بینظیر کے پروفیسرز بھی پیش پیش، 2 کروڑ روپے کی فائبرو اسکین مشین اسپتال انتظامیہ کو عطیہ کردی گئی۔ چیئرمین میڈیسن ڈپارٹمنٹ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر بشیر شیخ کی جانب سے 2 کروڑ روپے کی فائبرو اسکین مشین سرکاری اسپتال کو عطیہ کردی گئی۔ فائبرو اسکین مشین میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاڑکانہ ڈاکٹر ارشاد کاظمی کو ایک تقریب میں عطیہ کی گئی۔ اس موقع پر پروفیسر بشیر شیخ کا کہنا تھا کہ فائبرو اسکین مشین کی مدد سے جگر کے متعدد ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں اس مشین کے باعث مریض کو کسی آپریشنل پروسیجر سے نہیں گزرنا جبکہ اس مشین سے قبل جگر کے سیمپل لینے کے لیے بائیوپسی کی ضرورت پڑتی تھی جو کہ کافی اذیت ناک پروسیجر ہوتا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہمیشہ مریضوں کی جان بچانے اور ان کی فلاح کا سوچتے ہیں، لاڑکانہ کے بیشتر سینئر ڈاکٹرز اور پروفیسرز ہزاروں مریضوں کی ماہانہ ادویات، آپریشنز سمیت علاج معالجے کے اخراجات خود برداشت کر رہے ہیں، جس کے باوجود عمومی طور پر سرکاری سطح پر انتظامی مسائل پر ڈاکٹرز کو نجی تنقید کا نشانا بنایا جاتا ہے جو کہ افسوسناک ہے لیکن ڈاکٹرز تمام تر منفی رویوں کو نظر انداز کر کے اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔