ژوب (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی یکساں ترقی اور اجتماعی بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دے رہی ہے‘ کچلاک سے ژوب ٹو ڈی آئی خان روڈ پر جلد کام شروع ہوگا جوکہ وفاقی حکومت کے تعاون سے منظور ہوا ہے اور سی پیک کا حصہ بادینی تجارتی ٹرمینل سے عوام مستفید ہوںگے‘ ژوب سے ٹانک روڈ کی تکمیل اور قمرالدین روڈ پر کام کے آغاز سے عوام ترقی کے نئے دور میں داخل ہوںگے‘ انہوں نے ژوب کو ڈویژن کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصدکے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ژوب میونسپل کمیٹی کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عرفان کاسی اسٹیڈیم کو توسیع دینے اعلان کیا جس پر اسی ماہ کام شروع ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صوبائی وزرا حاجی مٹھا خان کاکڑ، نور محمد دمڑ، سینیٹر انورالحق کاکڑ اور باپ پارٹی ژوب ڈویژن کے آرگنائزر ڈاکٹر نواز ناصر نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے‘ ماضی کی حکومتوں کے ادھورے منصوبے بھی مکمل کر رہے ہیں۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے شیرانی ٹائون میں ژوب ٹو ٹانک روڈ کا افتتاح کیا۔