جب بھی موقع ملا عوامی فلاحی کاموں کو ترجیح دی، پرویز الٰہی

174

لاہور (آن لائن) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے سپریم کورٹ بار کے نائب صدر چودھری ارشد باجوہ نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں رانا احمد شہزاد فاروق جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار، چودھری عارف محمود ایگزیکٹو رکن سپریم کورٹ بار، ناصرصدیقی ایگزیکٹو رکن سپریم کورٹ بار و دیگر شامل تھے۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے ہمیشہ عوامی فلاحی کاموں کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں وکلاء کے لیے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت سہولیات کے علاوہ دل کے علاج کی سہولیات بھی میسر تھیں انہیں اسی طرح کی سہولیات دوبارہ ملنی چاہئیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے سپریم کورٹ بار کی ہائوسنگ سوسائٹی کیلیے وکلاء رہنمائوں کی درخواست پر کہا کہ وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ سے بات کر کے سپریم کورٹ بار کیلیے ہائوسنگ سوسائٹی جلد شروع کرائی جائے گی۔